پشاور میں گھروں میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث خواتین پر مشتمل گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے 4 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 69 لاکھ روپے نقدی، طلائی زیورات، غیر ملکی کرنسی، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ حیات آباد اور تاتارا کی حدود میں سٹریٹ کرائمز، گھروں میں چوری، موٹر کار اور موٹر سائیکل سنیچنگ، لفٹنگ اور دیگر جرائم کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں، جن پر مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ اب کتنے کا ہوگیا؟
تحقیقات اور مختلف کارروائیوں کے دوران پولیس نے 4 خواتین سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا، جن کا تعلق افغانستان، چارسدہ، خیبر، مردان اور پشاور کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار خواتین خانہ بدوش طرزِ زندگی اختیار کیے ہوئے تھیں اور وارداتوں کے لیے مختلف علاقوں کا رخ کرتی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خواتین پر مشتمل یہ گینگ ملازمت، بھیک مانگنے اور دیگر بہانوں سے گھروں میں داخل ہو کر قیمتی سامان اور زیورات چوری کرتا تھا۔ ایک متاثرہ شہری نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ مہمانوں کے لیے کباب خریدنے باہر گیا اور دروازہ کھلا چھوڑ گیا، واپس آنے پر گھر کی الماری سے 8 تولے سونا غائب تھا۔
حیات آباد پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا گیا۔ ایس ایچ او حیات آباد کامران نے بتایا کہ دورانِ تفتیش خواتین ملزمان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے چوری کی رقم سے زمینیں اور دیگر جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار دیگر ملزمان رہزنی، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں چھیننے سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھے اور مسروقہ رقم غیر قانونی سرگرمیوں پر خرچ کرتے تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان سے 69 لاکھ روپے نقدی، 700 امریکی ڈالر، 6 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں، 2 الیکٹرک اسکوٹیاں، طلائی زیورات اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا، جو قانونی کارروائی کے بعد متعلقہ مالکان کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
