لکی مروت کے علاقے تھانہ غزنی خیل کی حدود میں واقع خیروخیل پکہ مسجد بیخانخیل کے قریب موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد سے خودکش حملہ کیا گیا۔
پولیس ترجمان قدرت اللہ کے مطابق حملہ آور نے دھماکے کے بعد مسجد کے اندر داخل ہو کر خود کو اڑانے کی کوشش کی تاہم مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرکے اسے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ اسی دوران دھماکہ مسجد کے باہر ہی ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیے: وفاقی کابینہ نے بجٹ کی منظوری دے دی، سرکاری ملازمین کیلئے کیا فیصلہ سامنے آیا؟
واقعے کے نتیجے میں ایک بچی شہید جبکہ تین افراد زخمی ہوئے، جن میں شریف اللہ، اسد اور دو سے تین بچے شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ خودکش حملہ آور کی لاش امن کمیٹی کے ارکان نے اپنی تحویل میں لے لی ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
