بنوں میں ٹارگٹ کلنگ کے دو الگ الگ واقعات میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق پہلا واقعہ سیدگی بکاخیل کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس اہلکار محمد روشان کو ان کے گھر کے سامنے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے: جنوبی وزیرستان: قبائلی رہنما ملک جمیل وزیر کی حمایت میں 600 افراد پر مشتمل لشکر کیوں تشکیل دیا گیا؟
دوسرا واقعہ آزاد منڈی کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار مشکواۃ اللہ شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مشکواۃ اللہ امیر بکاخیل تبلیغی مرکز میں شبِ جمعہ کے اجتماع سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔
پولیس نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن اور تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
