جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں قوم توجئے خیل نے توجئے خیل قبیلے کے چیف ملک جمیل وزیر کی حمایت میں 600 افراد پر مشتمل لشکر نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں آج صبح مقامی مساجد میں اعلانات کیے گئے جن میں متعلقہ افراد کو فوری طور پر لشکر میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
اعلانات کے مطابق قوم توجئے خیل نے ملک جمیل وزیر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے لشکر کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی مشران کا کہنا ہے کہ یہ اقدام قومی اتحاد، قبائلی روایات اور اجتماعی ذمہ داری کے تحت اٹھایا گیا ہے، جس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے: نوشہرہ: ہسپتال میں مریض کی اہلیہ سے سیکیورٹی گارڈز کی مبینہ اجتماعی زیادتی کی کوشش، مقدمہ درج
اعلان میں خبردار کیا گیا ہے کہ جو شخص مقررہ وقت پر لشکر میں شامل نہیں ہوگا، اس پر 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ قومی فیصلے کی خلاف ورزی کی صورت میں اسے گھر سے بے دخل کرنے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک جمیل وزیر اور طالبان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے بعد طالبان نے ملک جمیل کے گھر کا محاصرہ کر لیا تھا۔ ذرائع کے مطابق دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث علاقے میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔
یاد رہے کچھ روز قبل جنوبی وزیرستان کے علاقے کڑی کوٹ بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ملک جمیل وزیر کے دو بیٹے جاں بحق ہوگئے تھے۔
