پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج سے خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث شدید بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے پیش نظر گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس پر متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ماؤں کا عالمی دن ہمیں کون سا احساس دلاتا ہے؟

 

چترال، سوات، دیر اور کوہستان سمیت بالائی اضلاع میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھنے کا امکان ہے۔

 

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ کو حساس گلیشیائی مقامات کی مسلسل نگرانی اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 

مقامی آبادی اور سیاحوں کو ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔

 

مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انخلائی مراکز فعال رکھے جائیں، ریسکیو اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور حساس علاقوں میں مسلسل نگرانی برقرار رکھی جائے۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق پانی کے بہاؤ میں اچانک تبدیلی، کیچڑ یا پتھروں کی غیر معمولی آوازوں کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جانا چاہیے۔

 

این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو سمیت متعلقہ اداروں کو ممکنہ سڑک بندشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔,