ماں دنیا کا وہ عظیم رشتہ ہے جس کی محبت بے غرض، بے لوث اور بے مثال ہوتی ہے۔ ماں صرف ایک لفظ نہیں بلکہ ایک مکمل احساس، ایک مکمل دنیا اور ایک ایسی نعمت ہیں جس کا کوئی نعم البدل نہیں۔
اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے، مگر اگر میں اپنی زندگی کی سب سے قیمتی نعمت کا نام لوں تو وہ میری ماں ہیں۔ ماں وہ ہستی ہیں جن کی محبت میں خلوص ہے، جن کی دعا میں اثر ہے، اور جن کی موجودگی میں سکون ہے۔
آج ماں کے عالمی دن پر میں اپنے دل کی وہ بات کہنا چاہتی ہوں جو شاید میں روزمرہ کی زندگی میں کبھی مکمل طور پر بیان نہیں کر پاتی۔
اگر میری زندگی میں کوئی ایسا انسان ہے جس کی محبت ہر رشتے سے بڑھ کر ہے، جس کی فکر ہر وقت میرے ساتھ چلتی ہے، اور جس کی دعا ہر مشکل میں میرے لیے ڈھال بن جاتی ہے، تو وہ میری ماں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: ریسکیو آپریشن مکمل، 15 پولیس اہلکاروں کی لاشیں اور 3 زخمی ملبے سے نکال لیے گئے
میری زندگی کی ہر کامیابی کے پیچھے ماں کی دعا ہے۔ میری ہر خوشی میں ماں کی خوشی شامل ہے۔ جب بھی زندگی کی راہیں مشکل ہو جاتی ہیں، جب دل تھک جاتا ہے، جب ذہن پریشانیوں سے بھر جاتا ہے، تب ماں کی آواز میرے لیے سکون بن جاتی ہے۔ ماں کی باتوں میں وہ طاقت ہوتی ہے جو بکھرے ہوئے انسان کو سنبھال لیتی ہے۔
ایک احساس ایسا ہے جو شاید الفاظ میں مکمل بیان نہیں ہو سکتا۔ جب بھی میں کہیں سے واپس گھر آتی ہوں تو دروازہ کھولتے ہی بے اختیار میرے لبوں پر ایک ہی سوال آتا ہے:“ماں کہاں ہیں؟”
یہ صرف ایک سوال نہیں، بلکہ میرے دل کا سکون ہے۔ یہ میری عادت بھی ہے اور میری محبت بھی۔ اگر گھر آ کر ماں نظر نہ آئیں تو گھر کی رونق ادھوری محسوس ہوتی ہے۔ ایک عجیب سی خالی پن دل میں اتر آتا ہے۔ کیونکہ میرے لیے گھر کی اصل رونق، اصل برکت اور اصل سکون ماں ہیں۔
ماں وہ ہستی ہیں جو اپنے بچوں کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتی ہیں۔ اگر اولاد بیمار ہو تو ماں کی نیند چھن جاتی ہے۔ اگر اولاد پریشان ہو تو ماں کا دل بے چین ہو جاتا ہے۔ اگر اولاد روئے تو ماں کے دل میں درد اٹھتا ہے۔
ماں اپنی خوشیوں کو قربان کر کے اپنے بچوں کی خوشیوں کو مکمل کرتی ہیں۔ وہ خود تھک جاتی ہیں، مگر اپنے بچوں کو کبھی تھکن محسوس نہیں ہونے دیتیں۔
زندگی کے ساتھ ساتھ انسان بڑا ہو جاتا ہے، مگر ایک وقت آتا ہے جب اسے احساس ہوتا ہے کہ ماں نے اپنی زندگی کا کتنا حصہ صرف ہماری زندگی بہتر بنانے میں گزار دیا۔ اپنی نیندیں، اپنی خواہشیں، اپنی راحتیں اور اپنی خوشیاں قربان کر کے ماں نے ہمیں سنوارا، ہمیں سکھایا، ہمیں مضبوط بنایا۔
آج جب میں اپنی زندگی کے اس مقام پر کھڑی ہوں تو مجھے ماں کی ہر قربانی پہلے سے زیادہ سمجھ آتی ہے۔ اب احساس ہوتا ہے کہ ماں کی محبت صرف محبت نہیں، بلکہ ایک ایسی عبادت ہے جس میں خلوص بھی ہے، قربانی بھی ہے اور دعا بھی۔
ماں وہ سایہ ہیں جن کے ہوتے ہوئے انسان خود کو محفوظ محسوس کرتا ہے۔ دنیا میں بہت سے رشتے ملتے ہیں، بہت سے لوگ ساتھ ہوتے ہیں، مگر ماں جیسا مخلص، سچا اور بے لوث رشتہ کہیں نہیں ملتا۔ دنیا بدل سکتی ہے، حالات بدل سکتے ہیں، لوگ بدل سکتے ہیں، مگر ماں کی محبت کبھی نہیں بدلتی۔
میری ہمیشہ یہ خواہش رہتی ہے کہ میری ماں کی ہر خواہش پوری ہو۔ اگر ماں کو کسی چیز کی ضرورت ہو تو سب سے پہلے میں اسے پورا کروں۔ میں صرف ماں کی ضروریات نہیں بلکہ ان کے خواب، ان کی خواہشات اور ان کی خوشیوں کو بھی پورا کرنا چاہتی ہوں۔ کیونکہ ماں نے ہمیشہ اپنی خوشیوں سے پہلے میری خوشی کو اہمیت دی۔
حقیقت یہ ہے کہ ماں کا حق کبھی ادا نہیں ہو سکتا۔ انسان پوری زندگی بھی ماں کی خدمت کرے تو ماں کی ایک رات کی جاگ، ایک دعا اور ایک قربانی کا قرض نہیں چکا سکتا۔
لیکن ہم ماں سے محبت کر کے، ان کی عزت کر کے، ان کا خیال رکھ کر اور ان کے ساتھ وقت گزار کر ان کے دل کو خوش ضرور رکھ سکتے ہیں۔
ماں کا عالمی دن صرف ایک دن نہیں، بلکہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ماں ہماری زندگی کی بنیاد ہیں۔ وہ بنیاد جس پر ہماری پوری زندگی کھڑی ہوتی ہے۔ ماں وہ ہستی ہیں جن کے قدموں تلے جنت رکھی گئی ہے، اور جن کی دعا انسان کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
میں اپنی ماں سے صرف اتنا کہنا چاہتی ہوں: ماں، آپ میری زندگی کی سب سے خوبصورت حقیقت ہیں۔ آپ میری طاقت ہیں، میری دعا ہیں، میری پہچان ہیں۔ میری زندگی میں جو کچھ بھی اچھا ہے، اس میں آپ کی تربیت، آپ کی محبت اور آپ کی دعا شامل ہے۔
میں آپ سے بے حد محبت کرتی ہوں، اور یہ محبت وقت کے ساتھ کم نہیں بلکہ اور گہری ہوتی جائے گی۔
میری سب سے بڑی دعا یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ میری ماں کو ہمیشہ سلامت رکھے، خوش رکھے، اور ان کے چہرے کی مسکراہٹ ہمیشہ قائم رکھے آمین۔
نوٹ: یہ تحریر مصنف کی ذاتی رائے پر مبنی ہے، جس سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔
