خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں 8 سے 10 مئی کے دوران شدید گرمی کی لہر کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بعض جنوبی اضلاع میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے: بنوں: رشتہ سے انکار پر فائرنگ، خاتون جاں بحق، ورثاء کا احتجاج
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 43 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں پارہ 39 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جنوبی اور وسطی اضلاع میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، جبکہ شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خشک اور گرم موسمی حالات کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی قلت اور آبی ذخائر پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں بھی اضافہ متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس فعال کیے جائیں، جبکہ ہسپتالوں میں طبی عملے اور سہولیات کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔
ریسکیو 1122، فائر بریگیڈ، ہیلتھ سروسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
عوام کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بزرگ اور بچوں کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک براہ راست دھوپ میں جانے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران احتیاط برتنے اور مویشیوں کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو عوامی آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں کو گرمی کی لہر سے باخبر رکھنے کا کہا گیا ہے۔
