تھانہ سٹی کی حدود ہنجل میں رشتہ کے تنازع پر ایک خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، جس کے بعد ورثاء اور علاقہ مکینوں نے لاش سڑک پر رکھ کر شدید احتجاج کیا اور ملزم کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل کی شب ہنجل امیر خان کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مبینہ ملزم کاشف ولد قسمت خان نے مسماۃ سلمیٰ بی بی زوجہ حمید اللہ کو گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیے: چارسدہ: دو قتل کیسز میں دو بار سزائے موت، انصاف تو ملا مگر ہر کیس میں کیوں نہیں؟
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم کی جانب سے مقتولہ کی بیٹی کا رشتہ زبردستی مانگا جا رہا تھا، اور انکار پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر حمید اللہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔
واقعے کے بعد ورثاء اور اہل علاقہ نے لاش بنوں منڈان روڈ پر ترنگ قبرستان کے قریب رکھ کر ٹریفک بلاک کر دی اور شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین میں علاقہ مشران اور تاجر رہنما بھی شامل تھے۔
بعد ازاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا، جبکہ ایس ایچ او تھانہ سٹی ریاض خان نے جلد ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی۔
