صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیلیں پھٹنے اور ممکنہ فلیش فلڈ کے خطرے کے پیشِ نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور بارشوں کی پیشگوئی کے باعث صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا حکومت کا 8 جامعات میں تقرریوں کی تحقیقات کا فیصلہ، انکوائری کمیٹی تشکیل
پی ڈی ایم اے کے مطابق 3 مئی سے صوبے کے بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے تحت چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں تیز بارشوں اور بعض مقامات پر شدید بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔ تیز بہاؤ کے باعث گاڑیوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ، امدادی اداروں اور متعلقہ محکموں کو ہنگامی اقدامات مکمل رکھنے، حساس علاقوں میں نگرانی بڑھانے اور بروقت وارننگ سسٹم فعال رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ریسکیو ٹیموں کو مشینری اور دیگر ضروری وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی کہا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب، خطرناک مقامات سے دور رہنے اور مویشیوں و قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
