خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 02 سے 04 مئی کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس حوالے سے پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پشاور رنگ روڈ کا اہم مرحلہ مکمل، مسنگ لنک کا افتتاح کر دیا گیا
پیشگوئی کے مطابق بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز بارشوں اور آندھی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔ میدانی علاقوں خصوصاً پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس حوالے سے کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو ٹیموں کی تیاری، اہم شاہراہوں کی بحالی اور متبادل راستوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے مسلسل آگاہ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ عوام کو بھی ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
