خیبرپختونخوا حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے نئی ترجیحات طے کرلیں، جن میں نوجوانوں کی ترقی، روزگار کے مواقع، امن و امان، صاف پانی کی فراہمی اور ڈیجیٹل نظام کی بہتری کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔

 

 حکومت کا کہنا ہے کہ بجٹ کا مقصد عوامی سہولتوں میں بہتری، وسائل کا بہتر استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا ہے۔

 

محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے جاری بجٹ دستاویز کے مطابق حکومت نے ترقی کے لیے 9 اہم شعبے مقرر کیے ہیں، جن میں نوجوانوں کو بااختیار بنانا، عوامی فلاح و بہبود، پسماندہ علاقوں کی ترقی، معاشی استحکام، روزگار کے مواقع، پانی کا تحفظ، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی تیاری، صاف پانی کی فراہمی، ڈیجیٹل نظام اور امن و امان شامل ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: کرم: طویل عرصے سے بند پاڑہ چنار ایئرپورٹ دوبارہ فعال

 

دستاویز کے مطابق نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے فروغ، ذہنی صحت کے پروگرام، ثقافتی سرگرمیوں، فنی تربیت اور آن لائن کاروبار کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ معاشی طور پر مضبوط ہو سکیں۔

 

معاشی ترقی کے لیے سیاحت، چھوٹے اور درمیانے کاروبار، صنعتی زونز، معدنیات، زراعت، لائیو اسٹاک اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔

 

پانی کے شعبے میں ذخائر کی تعمیر، جدید آبپاشی نظام اور شہری و دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ساتھ ہی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیئر جھیلوں کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

 

حکومت نے ڈیجیٹل نظام کو بہتر بنانے کے لیے ای گورننس، ڈیجیٹل سہولتوں اور ڈیٹا کی بنیاد پر منصوبہ بندی کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ پسماندہ اضلاع میں صحت، تعلیم اور روزگار کے منصوبوں کے ذریعے ترقی کا عمل تیز کیا جائے گا۔

 

حکومتی حکام کے مطابق ہر شعبے کے لیے الگ ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں، جو موجودہ منصوبوں کا جائزہ لے کر نئی تجاویز تیار کریں گے، تاکہ آئندہ بجٹ کو عوامی ضروریات اور ترقیاتی اہداف سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔