خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں طویل عرصے سے غیر فعال پاڑہ چنار ایئرپورٹ کو فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی مشترکہ کاوشوں سے دوبارہ فعال اور آپریشنل کر دیا گیا ہے۔

 

ایئرپورٹ کی اپگریڈیشن اور تعمیر و مرمت کے کام مکمل ہونے کے بعد 26 اپریل 2026 کو پاک آرمی ایوی ایشن کی جانب سے آپریشنل لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔

 

یہ بھی پڑھیے: کہیں آپ کی مصروفیات آپ کے بچے کے جذبات کو دبا تو نہیں رہیں؟

 

ٹرائلز کا مقصد ایئرپورٹ کے تعمیراتی معیار، رن وے کی فعالیت اور مجموعی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ اس دوران پاک آرمی ایوی ایشن نے مجموعی طور پر 6 کامیاب لینڈنگ اور ٹیک آف ٹرائلز مکمل کیے۔

 

ٹرائلز کے نتائج کے مطابق پاڑہ چنار ایئرپورٹ کے رن ویز کو پیشہ ورانہ معیار اور اعلیٰ حفاظتی تقاضوں کے مطابق قرار دیا گیا، جبکہ مختلف آپریشنل صورتحال میں ایئرپورٹ کی کارکردگی کو بھی تسلی بخش پایا گیا۔

 

پاڑہ چنار ایئرپورٹ کی بحالی کو علاقے میں فضائی رابطوں کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 

 اس سے نہ صرف علاقائی آمدورفت میں بہتری آئے گی بلکہ ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔