لکی مروت کے علاقے تھانہ سرائے نورنگ کی حدود امین آباد میں مبینہ طور پر زہریلی خوراک کھانے سے دو کمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔

 

ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی عمریں تقریباً 10 اور 11 سال تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں بچے نورنگ بازار کی جانب جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں مبینہ طور پر زہریلی خوراک کھلائے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے بعد ان کی حالت اچانک غیر ہوگئی۔

 

یہ بھی پڑھیے: کے پی حکومت کا بڑا اقدام، سپیشل برانچ کیلئے 1498 آسامیوں کی تجویز

 

اہل علاقہ اور اہلخانہ نے بچوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سرائے نورنگ منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے باعث انہیں بنوں ہسپتال ریفر کردیا گیا۔ تاہم دونوں بچے دورانِ علاج دم توڑ گئے۔

 

اہلخانہ نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی اپیل کی ہے۔

 

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات اور حقائق سامنے لائے جا سکیں۔