محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے سپیشل برانچ کو مکمل خودمختار یونٹ بنانے کیلئے 1498 نئی آسامیوں کی تخلیق کی تجویز دے دی۔
دستاویزات کے مطابق مرکزی ڈھانچے کیلئے 1223 آسامیوں کی منظوری طلب کی گئی ہے، جن میں گریڈ 19 کے ڈائریکٹر آئی ٹی سے لے کر نچلے عملے تک مختلف عہدے شامل ہیں۔
گریڈ 18 میں سپرنٹنڈنٹ پولیس، ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلیجنس اور آئی ٹی کی آسامیاں جبکہ گریڈ 17 میں ڈی ایس پی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی شامل ہیں۔

اسی طرح گریڈ 16 میں انسپکٹرز، سینئر انٹیلیجنس افسران اور کمپیوٹر آپریٹرز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ فیلڈ سطح پر سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز، ہیڈ کانسٹیبلز، کانسٹیبلز اور انٹیلیجنس آپریٹرز کی بڑی تعداد بھی شامل ہوگی۔ نچلے درجے میں نائب قاصد، صفائی کار اور مالی کی آسامیاں بھی رکھی گئی ہیں۔
دستاویز کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ کیلئے 212 جبکہ کینائن یونٹ کیلئے 63 نئی آسامیوں کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے پر عملدرآمد کے بعد سپیشل برانچ ایک خودمختار ادارے کی شکل اختیار کرے گی اور جدید ٹیکنالوجی، انٹیلیجنس شیئرنگ اور انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
