او جی ڈی سی ایل نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک کے باراگزئی ایکس-1 کنویں سے تیل اور گیس کی بڑی دریافت کر لی ہے، جسے ملکی تاریخ کی اہم ترین دریافتوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان: آپریشن ضربِ عضب کے بعد کتنے لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی؟

 

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس کنویں سے باقاعدہ پیداوار کا افتتاح کیا۔ اُن کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کی توانائی سکیورٹی کے لیے بہت اہم ہے اور اس منصوبے سے ہر سال تقریباً 329 ملین ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جا سکے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ نئی دریافتوں سے ملک میں تیل و گیس کے ذخائر بڑھیں گے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا۔

 

او جی ڈی سی ایل کے مطابق باراگزئی ایکس-1 کنواں اس وقت یومیہ تقریباً 15 ہزار بیرل تیل اور 4 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ گیس پیدا کر رہا ہے، جبکہ مستقبل میں اسے بڑھا کر 25 ہزار بیرل تیل اور 6 کروڑ مکعب فٹ گیس یومیہ تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔

 

اعلامیے کے مطابق یہ منصوبہ ایک مشکل اور دور دراز علاقے میں مکمل کیا گیا، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے محفوظ اور مؤثر انداز میں کام کیا گیا۔

 

 اس دوران 8 کلومیٹر لمبی پائپ لائن بھی کم وقت میں بچھائی گئی، جو ایک اہم کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔

 

او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ باراگزئی ایکس-1 اب تک پاکستان کا سب سے زیادہ پیداوار دینے والا کنواں بن چکا ہے اور یہ ملک کی مجموعی خام تیل کی پیداوار میں تقریباً 10 فیصد حصہ ڈال رہا ہے۔