وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں قائم افغان مہاجرین کے ہولڈنگ سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے واپس جانے والے افغان مہاجرین سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

 

یہ بھی پڑھیے: ہنگو: پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس ٹیم پر حملہ

 

کمشنر ریاض محسود نے اس موقع پر کہا کہ مشکل وقت میں افغان بھائیوں کی عزت، سہولت اور آسانی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اور اس ضمن میں انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

 

انہوں نے ہولڈنگ سنٹر میں فراہم سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہاجرین کو درپیش مسائل کے فوری اور پائیدار حل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

 

واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لنڈی کوتل میں قائم افغان ہولڈنگ کیمپ کا دورہ کیا تھا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تھا۔ 

 

اس موقع پر انہوں نے نادرا کاؤنٹرز کی تعداد 20 سے بڑھا کر 40 کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاکہ ڈیٹا انٹری کا عمل مزید تیز ہو اور افغان مہاجرین کو انتظار اور تکلیف سے بچایا جا سکے۔

 

  افغان مہاجرین ہمارے مہمان رہ چکے ہیں اور انہیں باعزت طریقے سے رخصت کیا جا رہا ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے صوبائی حکومت نے پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر تمام ضروری انتظامات اور سہولیات فراہم کی تھیں۔