خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو کے علاقے چھپری وزیران کے قریب پولیو ڈیوٹی پر جانے والی پولیس ٹیم پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ شروع کر دیا، جو آخری اطلاعات تک جاری رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔
دوسری جانب زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
