بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور نے میٹرک امتحانات کے دوران ایم سی کیوز کے مبینہ لیک ہونے کے معاملے پر کارروائی کرتے ہوئے خوشحال ماڈل ہائی اسکول شیرکیرہ کی الحاقی حیثیت ختم کر دی ہے، جبکہ اسکول پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: والدین کے لیے تعلیمی اخراجات بوجھ کیوں بنتے جا رہے ہیں؟

 

بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پشاور بورڈ نے تحقیقات کی روشنی میں اسکول کا الحاق فوری طور پر منسوخ کرنے کی منظوری دی۔ 

 

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امتحانی مواد کے باہر آنے اور سیکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی سے امتحانی نظام کی شفافیت متاثر ہوئی اور امتحانی عمل پر سوالات اٹھے۔

 

مزید بتایا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جانب سے جاری کیا گیا، جس کی نقول متعلقہ تعلیمی حکام اور اسکول انتظامیہ کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ آئندہ قانونی و انتظامی کارروائی کی جا سکے۔

 

یاد رہے کہ رواں سال ایس ایس سی امتحانات کے دوران پرچے لیک ہونے کے واقعات پر پشاور بورڈ کو تنقید کا سامنا رہا، جس کے بعد یہ فیصلہ امتحانی نظام کو بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔