ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں ممبر صوبائی اسمبلی صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے قائم افغان مہاجرین کے کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف سیکشنز کا معائنہ کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
یہ بھی پڑھیے: کمی کے بعد سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ
دورے کے دوران ایم پی اے نے مہاجرین سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور مشکلات کو بغور سنا اور ان کے فوری حل کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کیمپ میں صفائی، صحت، رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہاجرین کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
صاحبزادہ عدنان قادری نے واضح کیا کہ کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور کیمپ کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ایم پی اے عدنان قادری نے اس موقع پر کہا کہ مشکل حالات میں اپنے گھروں سے بے دخل ہونے والے افغان مہاجرین کی خدمت ہماری انسانی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مہاجرین کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ، تحصیلدار تیمور آفریدی اور فوکل پرسن مولانا محمد شعیب قادری بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے کیمپ کے انتظامی امور اور جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
