صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کے سیکرٹریٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب خواتین اور اقلیتی ارکان اسمبلی کو مختلف قائمہ کمیٹیوں میں شامل کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

 

 یہ فیصلہ اسپیکر صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس کا مقصد قانون سازی کے عمل میں خواتین اور اقلیتوں کی مؤثر اور فعال نمائندگی کو یقینی بنانا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا میں کمرشل گاڑیوں کے لیے احساس فیول سپورٹ اسکیم کا آغاز، ہر گاڑی کے لیے سبسڈی کتنی ہوگی

 

جاری اعلامیے کے مطابق متعدد خواتین ارکان کو اہم محکموں کی قائمہ کمیٹیوں میں ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ 

 

ستارہ آفریدی کو ریونیو و اسٹیٹ، ایمن جلیل جان کو ہائر ایجوکیشن، مدینہ گل آفریدی کو ریلیف و بحالی، جبکہ رابعہ شاہین کو ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات اور وائلڈ لائف کی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

 

اسی طرح نیلوفر بیگم کو اطلاعات و تعلقات عامہ، ناہیدہ نور کو توانائی و بجلی، عارفہ بی بی کو کمیونیکیشن اینڈ ورکس، جبکہ فائزہ ملک کو قانون، پارلیمانی امور اور انسانی حقوق کی قائمہ کمیٹی میں ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

 

 افشاں حسین کو خوراک، شازیہ جدون اور جمیلہ پراچہ کو صحت، جبکہ جمیلہ پراچہ کو منصوبہ بندی و ترقی کی کمیٹی میں بھی نمائندگی دی گئی ہے۔

 

مزید برآں، فرح خان کو خزانہ، شازیہ طہماس خان، مہر سلطانہ، اشبر جان جدون اور خدیجہ بی بی کو اسٹیبلشمنٹ، فرزانہ شیرین کو بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی، جبکہ نادیہ شیر کو ریلیف و بحالی کی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔

 

اقلیتی ارکان میں گرپال سنگھ کو خوراک، سریش کمار کو ہاؤسنگ، اور بیاری لال کو لیبر کی قائمہ کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ دیگر اقلیتی نمائندوں کو بھی مختلف کمیٹیوں میں ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ تقرریاں پہلے سے جاری احکامات کے تسلسل میں عمل میں لائی گئی ہیں، جن کا مقصد قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا اور عوامی مسائل کے حل کے عمل کو تیز تر کرنا ہے۔ اس اقدام سے صوبے میں شمولیتی طرز حکمرانی کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔