ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں فرنٹیئر روڈ پر عزیز مارکیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہو گئے۔

 

پولیس کے مطابق یہ واقعہ پشاور سائیڈ پر دو گروپوں کے درمیان پیش آیا، جس کی ابتدائی وجہ زمینی تنازعہ بتائی جا رہی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: حالیہ بارشوں سے اموات میں اضافہ، اب تک کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟

 

 پولیس ذرائع نے بتایا کہ فریقین کی شناخت عامر شاہ گروپ اور ملک درویش گروپ کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ضلع پشاور کے علاقے بڈابیر ماشوخیل سے ہے۔

 

فائرنگ کے نتیجے میں درویش گروپ کے 3 افراد، ملک درویش، طلحہ اور حاجی محمد جاں بحق ہو گئے جبکہ آصف زخمی ہوا۔ دوسری جانب عامر شاہ گروپ کا 1 شخص جاں بحق جبکہ ظہور زخمی ہوا۔

 

واقعے کی اطلاع ملتے ہی خیبر پولیس اور پشاور کے علاقے بڈابیر کی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا اور کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔