خیبرپختونخوا میں 25 مارچ سے جاری بارشوں کے نتیجے میں مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔

 

 صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 17 افراد جاں بحق جبکہ 56 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا: بارشوں کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 14 بچے، ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 25 مرد، 5 خواتین اور 26 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد بنوں میں 8، ایبٹ آباد میں 5، شمالی وزیرستان میں 1، کوہاٹ میں 2 اور بٹگرام میں 1 ہے۔ یہ حادثات صوبے کے مختلف علاقوں میں پیش آئے ہیں۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرین کو فوری امدادی سامان فراہم کیا جائے، خاص طور پر سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بنوں میں فوری مالی امداد دی جائے۔

 

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی تاکید کی ہے۔

 

 محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

 

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔