محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ سوات، مالم جبہ، اپر چترال اور دیر کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے : خیبر پختونخوا میں مسلسل بارشیں: کتنے افراد جاں بحق ہوئے؟ پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی

 

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش چراٹ میں 67 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، جبکہ بنوں میں 45، دیر میں 43 ملی میٹر بارش ہوئی۔

 

اسی طرح مالم جبہ میں 41 ملی میٹر، پشاور میں 39، تیمرگرہ میں 38، تخت بائی میں 28 اور پاڑہ چنار میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

 

درجہ حرارت کے لحاظ سے مالم جبہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔

 

دوسری جانب گزشتہ رات بنوں اور شمالی وزیرستان میں حالیہ بارشوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں اب تک 9 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں، اسی دوران بارشوں کے باعث 6 گھروں کو جزوی نقصان بھی پہنچا۔

 

 ادھر ایبٹ آباد کے علاقے حویلیاں (حاجیہ گلی) میں شدید بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 5 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔