پشاور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 25 مارچ سے جاری بارشوں کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے دوران گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 9 افراد جاں بحق جبکہ 47 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد میں 8 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 26 مرد اور 21 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث مجموعی طور پر 6 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ یہ حادثات صوبے کے دو اضلاع، بنوں اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔
یہ بھی پڑھیں: آل پارٹیز کانفرنس: کیا تیراہ کے متاثرین کی 10 اپریل کو واپسی ہوگی؟
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ادارے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری طور پر امدادی سامان فراہم کیا جائے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے بالخصوص ضلع بنوں کی انتظامیہ کو جاں بحق افراد کے لواحقین کو جلد از جلد مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تمام اضلاع کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور اس کے منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ادارے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ایڈوائزریز پر عمل کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال، موسمی اپڈیٹس یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
