خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران موسم ابر آلود رہنے جبکہ بالائی علاقوں میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایران: اسرائیل-ایران کشیدگی کے بعد پاکستانی زائرین و طلبہ کی وطن واپسی، آنکھوں دیکھا حال سامنے آ گیا
پیشگوئی کے مطابق چترال، دیر (بالائی و زیریں)، باجوڑ، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان (بالائی و زیریں)، کولائی پالس، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، مہمند، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش اور آندھی کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔
آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہے، جبکہ کھڑی فصلیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں۔
سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جبکہ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کی حفاظت کے لیے مناسب اقدامات کریں۔
پیشگوئی کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے۔
