خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں آئندہ دنوں کے دوران موسم خشک رہنے اور درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق آئندہ ہفتے تک دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: رمضان ریلیف پیکیج کی ادائیگی کب سے شروع ہوگی؟ صوبائی حکومت نے بتا دیا
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر اور ملحقہ اضلاع میں 6، 7 اور 9 سے 12 مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ خشک موسم کے باعث آبی ذخائر اور بارانی علاقوں میں گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، جبکہ درجہ حرارت میں اضافے کے نتیجے میں پانی کی طلب اور بخارات کی شرح میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اور ہنگامی تیاریوں کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ سیاحوں کو موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ادارے نے دریاؤں اور برساتی نالوں کی نگرانی بڑھانے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
