خیبر پختونخوا حکومت نے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں کو مالی امداد کی ادائیگی آج سے شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور نادار خاندانوں کی مالی معاونت کو یقینی بنانا ہے۔
حکومت نے صوبے بھر میں تقریباً 10 لاکھ 34 ہزار خاندانوں کو فی خاندان 12 ہزار 500 روپے فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم مختلف علاقوں سے بروقت ڈیٹا نہ ملنے کے سبب ادائیگی میں تاخیر ہوئی۔
ابتدائی طور پر ہر رکن قومی اسمبلی، رکن صوبائی اسمبلی، تحصیل چیئرمین اور دیگر مقامی ونگز کو پانچ ہزار افراد کی فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: نئے سال کی بڑی پیش رفت: کوہاٹ میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت
محکمہ سماجی بہبود کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن فہرستوں کی تصدیق اور جانچ مکمل ہو چکی ہے، ان خاندانوں کو آج سے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
باقی رہ جانے والی فہرستوں کی جانچ بھی تیزی سے جاری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحقین کو رمضان کے دوران مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
حکام نے کہا ہے کہ یہ اقدامات ہنگامی بنیادوں پر کیے جا رہے ہیں تاکہ مستحق خاندانوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے اور رمضان کے موقع پر معاشرتی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔
