کوہاٹ کے علاقے شکردرہ میں غیر قانونی گولڈ مائننگ کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے تین مزدور ہلاک ہو گئے۔
واقعہ جنگلات میں اس وقت پیش آیا جب مزدور سونا نکالنے میں مصروف تھے۔ پولیس اور مقامی افراد نے فوری طور پر لاشیں اسپتال منتقل کر دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: سڑکوں پر افطار دسترخوان: دکھاوا یا حقیقی ضرورت؟
تھانہ شکردرہ نے واقعے کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ کوہاٹ میں گولڈ مائننگ پر حکومتی پابندی کے باوجود غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں تشدد اور ہلاکت کے واقعات معمول بن چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کوہاٹ میں سونا نکالنے پر دفعہ 144 نافذ ہے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی پولیس کی ذمہ داری ہے۔ ڈی پی او کوہاٹ کے مطابق، ایسے عناصر کے خلاف روزانہ آپریشن کیے جا رہے ہیں تاکہ قانون کی خلاف ورزی روکی جا سکے۔
