فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) پشاور زون کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کو پاکستان کیوکوشن کان کراٹے ٹیم کے حالیہ دورہ ماسکو، روس کے حوالے سے ایک شکایت موصول ہوئی ہے، جس میں مبینہ طور پر ٹیم میں غیر متعلقہ افراد کو شامل کر کے انہیں یورپ فرار کرانے کی کوششوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق 28 فروری سے 2 مارچ تک ماسکو میں منعقد ہونے والے نیشن کپ کراٹے ٹورنامنٹ کو مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔ ٹیم میں شامل کوچز اور دیگر اراکین کا تعلق لنڈی کوتل، ضلع خیبر سے بتایا جاتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: خیبر: زیتون کے فروغ کا منصوبہ، کاشتکاروں کے لیے بڑی خوشخبری

 

ایف آئی اے پشاور زون کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر رانا شاہد حبیب نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موصولہ شکایت کی بنیاد پر ماسکو ایونٹ میں شرکت کرنے والی کیوکوشن کان کراٹے ٹیم کے تمام عہدیداران اور اراکین کی مکمل جانچ کی جائے گی۔

 

 انہوں نے کہا کہ ٹیم کی فہرست کا تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا اور اگر کوئی فرد روس میں قیام کے بعد یورپ فرار ہونے کی کوشش میں ملوث پایا گیا تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

رانا شاہد حبیب کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کھیلوں کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔

 

ذرائع کے مطابق بعض سرکاری و غیر سرکاری فیڈریشنز اور ایسوسی ایشنز کے عہدیداران کی جانب سے بین الاقوامی مقابلوں کو مبینہ طور پر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جن کی تحقیقات جاری ہیں۔ ٹھوس ثبوت ملنے کی صورت میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔

 

ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ تمام ایسوسی ایشنز اور فیڈریشنز کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے قبل متعلقہ اداروں سے این او سی حاصل کریں اور کھلاڑیوں کی مکمل معلومات اور کاغذات کی تصدیق یقینی بنائیں، تاکہ جعلی کھلاڑیوں کی شمولیت روکی جا سکے اور بیرون ملک غائب ہونے کے واقعات کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔