ضم شدہ اضلاع میں زرعی ترقی کو فروغ دینے کے لیے صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی کسان دوست پالیسیوں کے تحت محکمہ زراعت ضلع خیبر نے تحصیل جمرود میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ضلع بھر کے کاشتکاروں اور زمینداروں نے بھرپور شرکت کی۔

 

تقریب کے دوران کسانوں میں امرود، مالٹا، خوبانی، ناشپاتی اور دیگر معیاری و سرٹیفائڈ پھلدار پودوں کے ساتھ ساتھ زیتون کے پودے بھی تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد جدید باغات کے قیام، زرعی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی آمدن کو مستحکم بنانا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور: آلو صرف 30 روپے کلو، عوام خوش مگر زمیندار کیوں پریشان ہیں؟

 

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت دل نواز وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبر میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے، معیاری  بیج و پودوں کی فراہمی، تکنیکی رہنمائی اور جدید زرعی طریقہ کار کے ذریعے کاشتکاروں کو معاشی طور پر مضبوط بنایا جائے گا۔

 

ڈائریکٹر جنرل زراعت خیبر پختونخوا محمد نوید اور ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت ضیاء السلام داوڑ نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر میں زرعی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ کاشتکار پائیدار بنیادوں پر معاشی استحکام حاصل کر سکیں۔

 

تقریب کے اختتام پر کسانوں میں پھلدار اور زیتون کے پودے تقسیم کیے گئے، اور زور دیا گیا کہ شجرکاری نہ صرف قیمتی پھلوں کی فراہمی کا ذریعہ ہے بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ماحول دوست اور پائیدار سرمایہ بھی ہے۔

 

مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زرعی ترقی اور جدید باغبانی کے فروغ کے ذریعے معاشی خود کفالت کے ساتھ فوڈ سیکیورٹی اور ماحولیاتی بہتری کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔