ایران نے امریکی صدر کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر بات چیت نہیں کرے گا۔

 

ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران امریکا سے مذاکرات نہیں کرے گا اور اس حوالے سے پالیسی بالکل واضح ہے۔

 

یہ بھی پڑھیے: پاک — افغان سرحدی کشیدگی: سابقہ قبائلی اضلاع کے متعدد تعلیمی ادارے بند

 

علی لاریجانی نے ایک اور بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خود ساختہ خیالات نے مشرق وسطیٰ کو افراتفری کی جانب دھکیل دیا ہے۔

 

دوسری جانب، امریکی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کی نئی قیادت سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی قیادت بھی مذاکرات کی خواہش رکھتی ہے۔

 

یاد رہے کہ ایران پر امریکا اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ ایران کی جانب سے جوابی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ امریکا اور اسرائیل کی کارروائیاں بھی تاحال جاری بتائی جا رہی ہیں۔