عالمی ثقافتی ورثے کے حامل مقام موہنجو داڑو کے میوزیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا باضابطہ فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
اس مقصد کے لیے حکومت سندھ نے حکومت خیبر پختونخوا سے ڈائریکٹر جنرل آثارِ قدیمہ و عجائب گھر ڈاکٹر عبدالصمد کی خدمات مختصر مدت کے لیے فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ وہ تکنیکی مشاورت اور سفارشات دے سکیں۔
حکومت سندھ کے محکمہ ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز کی جانب سے اس سلسلے میں باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ اور ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بانگا نے حال ہی میں موہنجو داڑو کا دورہ کیا، جہاں میوزیم کی بہتری اور جدید خطوط پر ترقی کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔ ہدف یہ ہے کہ میوزیم کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جائے تاکہ یہ عالمی ورثہ سائٹ کے شایانِ شان بن سکے۔
یہ بھی پڑھیے: کھلے مین ہولز اور چوری شدہ گرِلز: ہماری حفاظت خطرے میں
مراسلے کے مطابق ان ہدایات کی روشنی میں ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار میوزیم ماہر کی خدمات حاصل کرنے پر غور کیا گیا، جس کے لیے ڈاکٹر عبدالصمد کا نام تجویز کیا گیا ہے۔
انہیں میوزیم پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور مینجمنٹ کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے اور وہ ملک بھر میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کے باعث جانے جاتے ہیں۔
حکومت سندھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈاکٹر عبدالصمد کے قیام، سفری اخراجات اور دیگر انتظامات محکمہ ثقافت سندھ خود برداشت کرے گا۔ مراسلہ سندھ کے سیکریٹری ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز خیر محمد کلور کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیکریٹری ثقافت کو ارسال کیا گیا ہے، جس میں اس اہم معاملے پر جلد جواب دینے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ موہنجو داڑو کو یونیسکو پہلے ہی عالمی ثقافتی ورثہ قرار دے چکا ہے، اور اس کی تاریخی و سیاحتی اہمیت کے پیش نظر میوزیم کی اپ گریڈیشن کو ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
