پشاور میں پاک افغان حالیہ کشیدگی کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ جاری ہے جبکہ پولیس چوکیوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پشاور پولیس کے مطابق نمازِ جمعہ کے موقع پر حساس مقامات اور مساجد کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ڈیڑھ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ شہر بھر میں گشت بڑھا دیا گیا ہے اور مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے باعث ضلع خیبر میں واقع طورخم سرحدی گزرگاہ کے ذریعے افغان پناہ گزینوں کی وطن واپسی کا عمل عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاک — افغان سرحد پر کشیدگی — افغان طالبان کی فائرنگ، پاکستانی فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سرحدی صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد نقل و حرکت روک دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی فائرنگ کے بعد طورخم ٹرمینل میں موجود افغان پناہ گزینوں کی درجنوں گاڑیوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر لنڈی کوتل منتقل کر دیا گیا، تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
