رمضان ریلیف پیکج کے اجرا کی تقریب کے دوران سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ اس سال مستحق خاندانوں کو 13 ہزار روپے فی کس فراہم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیکج کا مقصد ضرورت مند افراد کو باعزت اور شفاف طریقے سے ریلیف دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا: رمضان پیکج کی منظوری، کن خاندانوں کو کتنے ہزار روپے ملیں گے؟
بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ برس رمضان پیکج کے تحت 20 ارب روپے مختص کیے گئے تھے، جبکہ 2025 میں مستحقین کو 5 ہزار روپے دیے گئے تھے۔ رواں سال رقم میں اضافہ کرتے ہوئے مجموعی حجم 38 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔ امدادی رقم مستحق افراد کو براہِ راست بینکوں کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔
حکام کے مطابق وزرا پر مشتمل ایک کمیٹی پیکج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی، جبکہ وزیراعظم خود بھی نظام کی مانیٹرنگ کریں گے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے گزشتہ سال ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مستحقین تک رقم پہنچائی، اور اس سال مزید وسائل مختص کر کے زیادہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں مستحق خاندانوں کو فی خاندان 13 ہزار روپے شفاف طریقے سے ادا کیے جائیں گے۔
