پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان اور سلیمان خان کو تاحال پاکستان کا ویزا نہیں ملا، جس کے باعث یہ معاملہ ایک بار پھر سیاسی اور سفارتی سطح پر زیرِ بحث آ گیا ہے۔

 

ذرائع کے مطابق دونوں برطانوی پاسپورٹ ہولڈرز نے پاکستان آنے کے لیے ویزا کی درخواستیں دی تھیں، لیکن درخواستوں میں کچھ معلومات کی کمی تھی۔ جب تک یہ معلومات مکمل نہیں ہوتیں، ویزا کا عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔

 

یہ بھی پڑھیے:  مذاکرات کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کی مشروط آفر، تحریک انصاف کیلئے ایک اور موقع یا کڑا امتحان؟

 

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزا کی آخری منظوری اسلام آباد میں وزارتِ داخلہ دیتی ہے، اسی وجہ سے عمل میں وقت لگ سکتا ہے۔ ماضی میں بھی عمران خان کے صاحبزادے ویزا کی منظوری کے منتظر رہے ہیں۔

 

کچھ غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دونوں بھائیوں نے کہا ہے کہ پاکستانی حکومت جان بوجھ کر ان کے ویزے روک رہی ہے، تاکہ وہ اپنے والد سے نہ مل سکیں، تاہم اس دعوے کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔

 

تاہم ذرائع کے مطابق ویزا حاصل کرنے کا عمل حساس ہوتا ہے، جس میں سکیورٹی اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کے باعث تاخیر ہو سکتی ہے۔