زلمی فاؤنڈیشن کے سربراہ جاوید آفریدی نے تیراہ کے متاثرین کی مدد کے لیے 2 کروڑ روپے کے عطیے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر کیا۔ان کے مطابق یہ رقم متاثرہ خاندانوں کو موجودہ مشکل حالات میں فوری ریلیف اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر: وادی تیراہ میں برفباری کے بعد سڑکیں بحال، نقل مکانی کا عمل دوبارہ شروع
جاوید آفریدی نے کہا کہ زلمی فاؤنڈیشن اس مشکل گھڑی میں تیراہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مدد کرنا اپنا اخلاقی اور سماجی فریضہ سمجھتی ہے۔ عطیہ شدہ رقم خوراک، طبی سہولیات، رہائش اور دیگر ضروریات کی فراہمی کے لیے استعمال کی جائے گی۔
زلمی فاؤنڈیشن ہمیشہ سے معاشرے کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود اور امداد کے لیے سرگرم رہی ہے۔ جاوید آفریدی نے امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے تیراہ متاثرین کی مشکلات میں کمی آئے گی اور دیگر ادارے و افراد بھی انسانی خدمت کے لیے آگے بڑھیں گے۔
