خیبرپختونخوا کے ضلع  خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سنٹر کی بندش کے خلاف خواتین سڑکوں پر نکل آئیں اور احتجاج کرتے ہوئے پاک افغان شاہراہ کو عارضی طور پر بند کر دیا، جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو گئی۔

 

مظاہرین نے پاک افغان شاہراہ خیبر شیخوال کے مقام پر دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سنٹر کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ مستحق خواتین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

احتجاج کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جبکہ مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

بعد ازاں لنڈی کوتل تھانے کے ایڈیشنل ایس ایچ او ملک زینت آفریدی نے مقامی مشران کے ہمراہ مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا۔

 

پولیس حکام اور مقامی مشران نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ پیر کے روز متعلقہ سنٹر میں دوبارہ ڈیوائس نصب کی جائے گی اور خواتین کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سنٹر کو باقاعدہ طور پر فعال کر دیا جائے     گا۔

 

یاد رہے کہ کچھ  مہینے پہلے اس سنٹر میں مبینہ طور پر خواتین سے پیسے بٹورنے کی شکایات موصول ہوئی تھی جس کے بعد متعلقہ سنٹر کو بند کر دیا تھا۔