خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے سرحدی علاقے لیٹی میں سرحد پار سے فائر کیے گئے مارٹر گولے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

 

پولیس کے مطابق مارٹر گولہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے فائر کیا گیا جو شہری آبادی میں آکر گرا، جس کے نتیجے میں ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ 

 

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے چاروں افراد آپس میں بھائی تھے۔

 

پولیس کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

 

سرحد پار سے ہونے والے اس مارٹر حملے کے بعد سرحدی علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ مقامی افراد نے حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔