خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج رات سے 16 مارچ کی صبح تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے پی ڈی ایم اے کے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، بونیر اور ملاکنڈ میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
ادارے کے مطابق کوہستان اپر، کوہستان لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام اور تورغر میں موسلا دھار بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم اور کرک میں بارش اور آندھی کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوابی، مردان، چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور میں بارش اور تیز ہواؤں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ کوہاٹ، ہنگو، بنوں اور لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے جبکہ ڈی آئی خان، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان اپر و لوئر میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو ٹیموں، مشینری اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ رکھا جائے۔
ادارے نے سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات پر غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو کھلے مقامات، کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
