وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے رمضان ریلیف پیکیج 2026 کے تحت مستحقین کو رقوم کی ادائیگی کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل کے لیے حکومت نے اہم اقدامات اٹھا لیے ہیں۔ 

 

محکمہ سماجی بہبود نے ہدایت کے مطابق ایک ریڈریسل کمیٹی قائم کر دی ہے تاکہ شکایات اور تکنیکی مسائل کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

 

سرکاری اعلامیے کے مطابق اگر کسی مستحق فرد کے شناختی کارڈ یا موبائل نمبر کی تفصیلات غلط یا نامکمل ہوں تو وہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر سے رابطہ کر سکتا ہے۔ تصدیق کے بعد کیس درستگی کے لیے ڈپٹی کمشنر کو بھجوا دیا جائے گا۔

 

یہ بھی پڑھیے: پشاور میں راتوں کو گونجتی عجیب آوازیں، “ششکا” (چڑیل) کی حقیقت کیا ہے؟

 

حکام کا کہنا ہے کہ بلاک شدہ شناختی کارڈ کی صورت میں رقم کی ادائیگی ممکن نہیں ہوگی، ایسی رقوم واپس ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو منتقل کر دی جائیں گی۔

 

اسی طرح بزرگ یا معذور افراد کو فنگر پرنٹ کے مسائل درپیش ہوں تو وہ نادرا سے فنگر پرنٹ مسئلے کا سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ حاصل کر کے مقامی اسسٹنٹ کمشنر آفس سے رجوع کریں۔ تصدیق کے بعد رقم قریبی رشتہ دار کے نام منتقل کی جا سکے گی۔

 

اعلامیے کے مطابق اگر مستحق فرد کا انتقال ہو چکا ہو تو متعلقہ خاندان کے افراد ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور درخواست اسسٹنٹ کمشنر آفس میں جمع کروائیں گے۔ ضروری تصدیق کے بعد نادرا کے ریکارڈ میں موجود فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے مطابق رقم قریبی رشتہ دار کو ادا کی جائے گی۔

 

حکومت خیبر پختونخوا نے رمضان ریلیف پیکیج کے مستحقین کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مسئلے یا شکایت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آفس سے رجوع کریں تاکہ بروقت مسئلے کا حل ممکن بنایا جا سکے۔