بنوں میں پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اکبر علی خان کلے، اسپرکہ اور ڈومیل کے علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران تین دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

 

اس کارروائی کے دوران چار شہری جاں بحق اور سات زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کہا کہ دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور امن و امان کی صورتحال ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔

 

ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی اور بریگیڈیئر 116 بریگیڈ عمیر نیازی آپریشن کے دوران فیلڈ میں موجود تھے اور کارروائی کی نگرانی کر رہے تھے۔ فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں:  بنوں: تھانہ ہوید کی حدود میں امن کمیٹی کے ارکان پر فائرنگ، چار افراد جاں بحق

 

دوسری جانب جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے مکین بازار کے قریب تھانہ مکین کی حدود میں زیرِ تعمیر پولیس چوکی پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں دو مزدور زخمی جبکہ چار مزدوروں کو حملہ آور اپنے ساتھ لے گئے۔

 

 زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ لاپتہ مزدوروں سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔