بنوں کے تھانہ ہوید کی حدود میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے امن کمیٹی کے چار ارکان جاں بحق ہو گئے۔ یہ واقعہ گلبدین لنڈیڈاک، مزنگہ چوک کے قریب پیش آیا۔

 

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام افراد ایک ہی گاڑی میں سوار تھے کہ نامعلوم دہشت گردوں نے اچانک ان پر فائرنگ کر دی۔ حملے کے نتیجے میں نصیب، حامد، ضیاء اللہ اور فوجی نامی امن کمیٹی کے ارکان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

 

واقعے کے بعد جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نےجائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا، تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

 

مقامی ذرائع کے مطابق مذکورہ علاقے میں امن کمیٹی نے دہشت گردوں کے خلاف مزاحمت کے لیے اسلحہ اٹھا رکھا ہے، جس کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔