نیب نے کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کے فرنٹ مین ممتاز خان سے 4 ارب 5 کروڑ روپے قومی خزانے میں واپس وصول کیے۔ رقم جمع کروانے کے بعد ممتاز خان رہا ہوگئے۔ یہ نیب کی تاریخ میں سب سے بڑی واپسی ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق ممتاز خان نے پلی بارگین کے تحت یہ رقم قومی خزانے میں جمع کروائی، جس میں نقد، جائیداد اور گاڑیاں شامل تھیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم قیصر اقبال نے اپنے فرنٹ مین ممتاز خان کو استعمال کیا، ممتاز خان نے جعلی کمپنیوں کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھولے اور انہی اکاؤنٹس کے ذریعے قومی خزانے سے بڑی رقم منتقل کی۔
یہ بھی پڑھیں: کوہستان اسکینڈل، ملزم قیصر اقبال نے 14 ارب روپے کی پلی بارگین کے لیے نیب کو درخواست دے دی
احتساب عدالت میں انتظامی جج ظفر خان کی زیرصدارت سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیورٹر جنرل نیب خیبر پختونخوا محمد علی نے عدالت کو بتایا کہ ممتاز خان کوہستان میگا کرپشن اسکینڈل میں ملوث ہے اور تحقیقات کے دوران اس کے اکاؤنٹس میں 4 ارب روپے کی منتقلی کے ٹھوس شواہد حاصل کیے گئے۔
بعد ازاں ممتاز خان نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ نیب کے ساتھ تعاون کے ذریعے کیس ختم کرنا چاہتے ہیں، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
