شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں واقع گورنمنٹ کامرس کالج میرانشاہ سے لاکھوں روپے مالیت کے سرکاری سامان کی گمشدگی کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

 

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان یوسف کریم کنڈی کی ہدایات پر تعلیمی اداروں کی نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں تحصیلدار میرانشاہ غنی وزیر نے کالج کا اچانک دورہ کیا، جہاں معائنے کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے۔

 

دورے کے موقع پر معلوم ہوا کہ کالج میں قائم نئی کمپیوٹر لیب سے تمام کمپیوٹرز کی ہارڈ ڈسکس غائب ہیں، جن کی مالیت لاکھوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ نہ کسی دروازے یا کھڑکی کو نقصان پہنچایا گیا اور نہ ہی تالے توڑے گئے، جس سے واقعے کے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت ہونے کا تاثر ملتا ہے۔

 

یہ بھی پڑھیں:  پشاور: فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں، جعلی مشروبات اور خمیر برآمد

 

تحصیلدار کے مطابق کالج پرنسپل سے واقعے سے متعلق وضاحت طلب کی گئی، تاہم وہ کوئی واضح جواب فراہم نہ کر سکے۔ اس صورتحال نے معاملے پر مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں کہ قیمتی سرکاری سامان اس طرح کیسے غائب ہوا۔

 

واقعے کی مکمل رپورٹ ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان اور اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ کو ارسال کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور اگر کسی سرکاری اہلکار یا ذمہ دار فرد کی غفلت یا مداخلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

علاقے کے اساتذہ، طلبہ اور عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں نگرانی اور حفاظتی انتظامات کو بہتر بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری وسائل کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔