پاک افغان طورخم بارڈر کی بندش کو 13 ماہ گزر چکے ہیں، جس کے باعث سرحد کے دونوں جانب کاروباری سرگرمیاں متاثر اور مقامی لوگوں کے معاشی مسائل بڑھ گئے ہیں۔ چھوٹے تاجروں کو کاروبار ختم ہونے، مزدوروں کو روزگار سے محرومی اور نوجوانوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما قاری نظیم گل شینواری نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل بندش نے سرحدی علاقوں کے کاروباری طبقے اور مزدوروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ ان کے مطابق بڑے تاجر دوسرے شہروں کا رخ کر چکے ہیں جبکہ چھوٹے کاروبار تباہ ہونے کے باعث دکاندار دیوالیہ ہونے کے قریب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر پر محنت مزدوری کرکے اپنے خاندانوں کا خرچ پورا کرنے والے ہزاروں مقامی نوجوان بے روزگار ہو چکے ہیں، جس سے ان کے مستقبل کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روزگار کے مواقع ختم ہونے سے نوجوانوں کے منشیات اور دیگر منفی سرگرمیوں کی طرف راغب ہونے کا خطرہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
قاری نظیم گل شینواری نے خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز پر زور دیا کہ وہ کاروباری طبقے اور بااثر سیاسی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے جرگے منعقد کریں اور بارڈر کھولنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان، کور کمانڈر پشاور اور متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ سرحدی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے بندش کے مسئلے کا فوری حل نکالا جائے۔ افغان حکام سے بھی مطالبہ کیا کہ پالیسیوں میں نرمی لاتے ہوئے تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے اقدامات کریں تاکہ دونوں جانب کے لوگوں کو مزید معاشی نقصان سے بچایا جا سکے۔
