خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے علاقے غالیگے میں پولیس نے قدیم قبر کی بے حرمتی اور نوادرات کی تلاش میں کھدائی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

 

سوشل میڈیا پر بریکوٹ میں قدیم قبر کی بے حرمتی کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سوات محمد عمر خان نے واقعے کا نوٹس لیا۔

 

پولیس ترجمان کے مطابق ایس ڈی پی او سرکل بریکوٹ اعتبار خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ غالیگے روشن خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے امان اللہ ولد حاجی، ساکن بونیر، اور محمد رحمٰن ولد شیر زادہ، ساکن شاہی نگر بریکوٹ، کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے نوادرات کی تلاش میں قدیم قبر کی کھدائی کرکے اس کی بے حرمتی کی۔ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔