پشاور میں بائیک رائیڈرز کی رجسٹریشن، ضابطہ اخلاق، مخصوص روٹس اور اوقات کار مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ انہیں قانونی دائرے میں لانے کے ساتھ روزگار کا تحفظ اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔
اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، جس میں ٹریفک پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور محکمہ ایکسائز کو ایک ہفتے کے اندر بائیک رائیڈرز کو منظم کرنے کے لیے ابتدائی لائحہ عمل اور تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کمشنر پشاور کے مطابق اس اقدام کا مقصد بائیک رائیڈرز کو بے روزگار کرنا نہیں بلکہ ان کی حفاظت، روزگار اور قانونی حیثیت کو یقینی بنانا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کو بائیک رائیڈرز کے لیے ایپ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، جس کے ذریعے مسافر سواری بک کرنے، کرایہ طے کرنے اور رائیڈر کی معلومات حاصل کرسکیں گے، جبکہ ان کا ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق بائیک رائیڈنگ کے شعبے کو منظم کرنے سے رائیڈرز کے حقوق اور شہریوں کی حفاظت کے ساتھ بائیک رائیڈنگ کی آڑ میں جرائم کی روک تھام اور شہر میں ٹریفک نظام بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
