خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کچہری چوک میں باوردی احتجاج اور امن کمیٹی کے قیام کے اعلان کے بعد پانچ پولیس اہلکاروں کے تبادلے کر دیے گئے ہیں۔ اہلکاروں کو ضلع کوہستان سمیت مختلف اضلاع میں بھیجنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جس کے بعد انہوں نے دوبارہ احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ روز کوہاٹ کے کچہری چوک میں پولیس اہلکاروں نے باوردی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کیے تھے۔ اس دوران انہوں نے امن کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔
پولیس ترجمان کے مطابق احتجاج کرنے والے اہلکاروں کے بعض مطالبات تسلیم کر لیے گئے تھے، جن میں دو برطرف پولیس اہلکاروں کی بحالی کا مطالبہ بھی شامل تھا۔
پانچ اہلکاروں کی منتقلی کے بعد پولیس اہلکاروں نے ایک بار پھر احتجاج کی کال دے دی ہے۔ ممکنہ مظاہرے کے پیش نظر کچہری چوک میں سیکیورٹی سخت کرتے ہوئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کوہاٹ رائے مظہر اقبال نے کہا ہے کہ کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق انتشار پھیلانے یا امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
