پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے 15 رکنی ویمنز کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے، جس میں آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کی بطور کپتان واپسی ہوئی ہے۔
دورے کے دوران پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلیں گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز 8 دسمبر سے شروع ہوگی، جبکہ دوسرے اور تیسرے میچز 10 اور 12 دسمبر کو ہوں گے۔
ون ڈے سیریز کے میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو شیڈول ہیں۔ تمام چھ میچز روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔
15 رکنی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔
فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ میں مصروفیت کے باعث آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھیں، تاہم اب وہ کپتان کی حیثیت سے ٹیم میں واپس آگئی ہیں۔ دورے کے دوران شین ڈیٹز پاکستان ویمنز ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔
