خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھانہ ماڑی پولیس نے گزشتہ ہفتے بائیکیا رائیڈر کے قتل کی تفتیش مکمل کرتے ہوئے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں مقتول کی بیوی اور والدہ بھی شامل ہیں۔

 

پولیس کے مطابق سلمان ولد اشفاق خان، لنڈی ارباب بھانہ ماڑی کا رہائشی تھا اور بائیکیا رائیڈر کے طور پر کام کرتا تھا۔ اسے 19 نومبر کو گلونو ڈاگ کے علاقے میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد مقتول کے سوتیلے بھائی اسماعیل کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

 

کیپٹل سٹی پولیس کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) ڈاکٹر میاں سعید احمد نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ ایس پی سٹی ڈویژن شاہد عدنان کی نگرانی میں ڈی ایس پی یکہ توت سرکل آصف شریف، ایس ایچ او بھانہ ماڑی اجمل حیات اور تفتیشی افسران نے تحقیقات کیں، جن کے دوران مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا گیا۔

 

پولیس نے لیڈیز پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین اور ایک مرد کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی بیوی کے جاوید اقبال اور عابد کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے، جس کے باعث سلمان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ پولیس کے مطابق اس منصوبے میں مقتول کی بیوی، والدہ، ماموں عابد اور ساتھی جاوید اقبال شامل تھے۔

 

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار دونوں خواتین کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ جاوید اقبال سے تفتیش جاری ہے۔